اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے بھوک ہڑتال پر جانے کی دھمکی دے دی۔
عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ناروا سلوک پر بھوک ہڑتال پر جانے کی دھمکی دی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نےگذشتہ روز پارٹی رہنماؤں کو میٹنگ کیلئے اڈیالہ جیل بلایا گیا تھا لیکن جیل انتظامیہ کی جانب سےرہنماؤں کو عمران خان سے نہیں ملنے دیا گیا۔
ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات نہ ہونے پر پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کردِیں، پارٹی سے مشاورت کے بعد عمران خان بھوک ہڑتال کی تاریخ دیں گے۔
دوسری جانب عمران خان نے ملک کی خاطر حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کا اعلان کردیا۔ گزشتہ روز ذرائع کی جانب سے دعوٰی کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ‘یہ ملکی مسئلہ ہے، ملک کی خاطر اِس (کانفرنس) میں شرکت کریں گے’۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘وقت کے یزید کی کبھی غلامی نہیں کروں گا، جیل میں مرنے کے لیے تیار ہوں، میں جب تک زندہ ہوں لڑوں گا’۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘ایک سال ہونے والا ہے مجھے چکی میں ٹہرایا ہوا ہے، سخت گرمی ہے لیکن میں اس کی بھی شکایت نہیں کروں گا، جب تک زندہ ہوں یہ جنگ لڑوں گاکیونکہ میں لا الہ الا اللہ پڑھنے والا ہوں’۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میری ٹیم کل مجھ سے ملاقات کے لیے آئی، تین گھنٹے تک میں اڈیالہ جیل میں ان کا انتظار کرتا رہا لیکن مجھے اپنی ٹیم سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اگر ملاقات ہوتی تو میں ان کے اختلافات ختم کروا دیتا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ پاگل ہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ میری پارٹی کمزور ہوگی انہیں پتا ہی نہیں جس پارٹی کا ووٹ بینک مضبوط ہو وہ کبھی کمزور نہیں ہوتی’۔
عمران خان نے واضح کیا کہ ‘میں بھوک ہڑتال کرنے کے بارے میں مشاورت کر رہا ہوں اگر مجھے انصاف نہ ملا تو میں بھوک ہڑتال کروں گا’۔