اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں عمر ایوب نے کہا کہ آئین کی غلط تشریح کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ذاتی مفادات پر مبنی آئین اور قانون کی غلط تشریح کی، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا اور الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6 لگایا جائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین ایڈووکیٹ گوہر علی خان نے کہا کہ آج پاکستان کی جمہوری قوتوں کے لیے خوشی کا دن ہے۔ ایڈووکیٹ گوہر علی خان نے کہا کہ پارٹی نے 2022، 2023 اور 2024 میں انٹرا پارٹی انتخابات کرائے، الیکشن کمیشن نے بدنیتی کی وجہ سے ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا۔ ایڈووکیٹ گوہر علی خان نے کہا کہ ہم پیر اور منگل کو کاغذات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے۔